ممتاز جمالی: سابق صدر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک سیل کرنے کے خلاف درخواست جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنادیا ۔
تفصیلات کےمطابق سابق صدر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک سیل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنادیا،عدالت نے ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ اور بیٹے کی درخواست منظور کرلی،عدالت نے علوی ڈینٹل کلینک ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے) نے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کلینک سیل کیا تھا، ترجمان ایس بی سی اے کا کہناتھا کہ کلینک رہائشی مکان میں ہونے پر سیل کیا گیا، یہ ایک معمول کی کارروائی تھی، ایسی کارروائیاں پورے شہر میں کی جا رہی ہیں۔
علوی ڈینٹل کلینک کو سیل کرنے کے خلاف سابق صدر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی اور بیٹے اواب علوی نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایس بی سی اے نے سندھی مسلم سوسائٹی میں واقع ڈینٹل کلینک سیل کر دیا، کلینک سیل کرنے کی وجہ محض سیاسی انتقام ہے، ڈاکٹر عارف علوی کو صرف سیاسی بنیادوں پر ہراساں کیا جا رہا ہے، ڈینٹل کلینک طویل عرصے سے ہے، سیل کرنے سے پہلےکوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔