ویب ڈیسک:پاکستان میں مزید 2 بچوں میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہو ئے ہیں جس کے بعد ملک میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 52 ہوگئی۔
حکام کے مطابق پولیو سے متاثر ہونے والے دونوں بچوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان سے ہے۔
ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل درازندہ میں 36 مہینے کی لڑکی اور 18 مہینے کا لڑکا پولیو سے معذور ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے رواں سال خیبر پختونخوا میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ سب سے زیادہ پولیو سے متاثر بچے بلوچستان میں ہیں جہاں سے رواں سال 24 کیسز سامنے آچکے ہیں، سندھ میں اب تک پولیو سے 13 اور پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے۔