ویب ڈیسک:سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں پالتو شیر کو نوجوان پر حملہ کرتے دیکھا گیا، شیر نے نوجوان کے ہاتھ میں اپنے دانت پیوست کردیے، درد اور خوف کے مارے وہ بلند آواز میں چیختا رہا، قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ یہ واقعہ گزشتہ دنوں لاہور میں پیش آیا۔
تفصیلات کےمطابق پالتو شیر کے حملہ سے بچنے کی کوشش میں نوجوان گر گیا جس پر شیر نے اس پر دھاوا بول دیا اور اپنے نوکیلے دانت اس کے ہاتھ میں گاڑھ دیے، شیرکے حملے سے بچانے کے لئےلڑکے کے دوستوں نے اس کو آزاد کرنے کی کوشش کی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ دوستوں سے التجا کررہا ہے کہ اُس کو بچایا جائے، دوستوں نے صورت حال جب سنگین دیکھی تو شیر کو مارنا شروع کردیا اور تھوڑی جدوجہد کے بعد وہ اس کو آزاد کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ بھی خبریں گردش کررہی ہیں کہ نوجوان نے شیر کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی تو جنگل کے بادشاہ نے اس پر حملہ کردیا، واقعہ لاہور کے چڑیا گھر میں پیش آیا ،بعد ازاں نوجوان کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تین لوگوں نے نوجوان کو شیر کی گرفت سے آزاد کرایا۔
اس واقعے نے پاکستان میں غیر ملکی جانوروں کو پالنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں خدشات کو پھر سے جنم دیا ہے، بہت سے دولت مند افراد ان جنگلی جانوروں کو سوشل میڈیا پر دکھانے یا اپنی حیثیت کو ظاہر کرنے کے لیے ان کے ساتھ ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہیں۔
وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے، بہت سے لوگوں نے پاکستان میں غیر ملکی جانوروں کی ملکیت کو منظم کرنے کے لیے سخت قوانین کا مطالبہ کیا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ جب تک حکام اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری کارروائی نہیں کرتے اس طرح کے واقعات جاری رہیں گے۔