علی ساحی: پنجاب پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا سلسلہ جاری , ہوم ڈیپارٹمنٹ نے سب انسپکٹرز کی 449 نئی آسامیوں کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ آسامیاں مختلف ریجنز میں ٹریفک وارڈنز کی جگہ تخلیق کی گئی ہیں۔ تمام آسامیوں کو محکمانہ پروموشنز کے ذریعے میرٹ کے مطابق پُر کیا جائے گا۔ نئی آسامیاں راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ریجنز کے اضلاع میں منظور کی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں 70، اٹک میں 20، جہلم میں 18 اور چکوال میں 17 سب انسپکٹرز کی آسامیاں منظور کی گئی ہیں۔ فیصل آباد میں 75، جھنگ میں 30، ٹوبہ میں 13 اور چنیوٹ میں 11 آسامیاں منظور کی گئیں۔ اس کے علاوہ ملتان میں 37، وہاڑی میں 13، خانیوال میں 12 اور لودھراں میں 8 سب انسپکٹرز کی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں جبکہ بہاولپور میں 48، بہاولنگر میں 31 اور رحیم یار خان میں 46 سب انسپکٹرز کی آسامیاں منظور کی گئیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ان آسامیوں کے بجٹ اخراجات پنجاب پولیس اپنے موجودہ فنڈز سے ادا کرے گی۔