(اویس کیانی) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کے اجلاس میں شیخ رشید، زلفی بخاری اور عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی قیادت کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کر دی گئی۔
وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کا اجلاس ہوا، وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی اور وزیر مواصلات و ریلویز شاہداشرف تارڑ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی، اجلاس میں ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
ذیلی کمیٹی نے مختلف محکموں اور اداروں کی طرف سے بھیجے جانے والے 41 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے، نیب کی سفارش پر 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں عمران خان سمیت 29 افراد کو ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی گئی۔
اجلاس میں 13 مختلف نوعیت کےکیسز کو ای سی ایل سے نکالنے، عدلیہ کی ہدایات پر 7 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے، نظر ثانی کےلئے پیش کی گئی اپیلوں میں سے 3 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شیخ رشید، عمر ایوب ،زلفی بخاری سمیت پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کےلئے نگران وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائیں گی۔