ویب ڈیسک: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
کرکٹر کی ہونے والی اہلیہ کی مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر معروف ڈیزائنرحسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کے پیج سے امام الحق کی ہونے والی دلہن انمول محمود کی تصاویر شیئر کی گئیں اور انہیں ٹیگ کیا گیا، کیپشن میں 'امام کی انمول' لکھا تھا۔
اس پوسٹ میں امام الحق کو بھی ٹیگ کیا گیا، اس کے علاوہ یہ تصاویر فوٹوگرافر عزہ شاہین ملک نے بھی انسٹاگرام کی اسٹوری پر شیئر کیں۔
فوٹوگرافر کی شیئر کردہ تصاویر کی لوکیشن میں 'ناروے' لکھا گیا تھا جس کا مطلب یہ ہے کہ کرکٹر کی مہندی کی تقریب ناروے میں ہوئی۔
اس کے علاوہ ناروے کی ایک ایونٹ پلینر کمپنی 'ٹیلر میڈ ویژن' نے انسٹاگرام پر مہندی کی تقریب کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ناروے میں مہندی کے بعد شادی کی تقریبات کا باضابطہ طور پر آغاز 23 نومبر کو لاہور میں ہو گا، نکاح کی تقریب 25 نومبر بروز ہفتہ اور ولیمے کی تقریب 26 نومبر کو ہوگی۔
کچھ رپورٹس کے مطابق تقریبات کا آغاز 23 نومبر کو قوالی نائٹ سے ہو گا، تقریبات میں بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان اور قومی ٹیم کے دیگر کرکٹرز سمیت کرکٹ کے ستاروں کے اس خوشی کے موقع پر شرکت کی امید ہے۔