سٹی42: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی غزہ پٹی سےجبری بیدخلی ناقابل قبول ہے۔ تمام ممالک اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکیں۔
غزہ کی صورتحال پر غور کے لیے دنیا کی ابھرتی ہوئی بڑی معیشتوں کے اتحاد برکس کے سربراہی اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم غزہ پٹی پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد پہنچانی ہوگی۔
سعودی عرب کے ولی عہد نے کہا کہ غزہ پر حملے روکنےکے لیے ہم تمام ممالک سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں، 1967 کی حد بندی کے تحت خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جامع امن مذاکرات کی شروعات ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، غزہ میں انسانیت سوز مظالم روکنےکے لیے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے،غزہ میں انسانی امداد پہنچانےکے لیے محفوظ راہداریاں بنائی جائیں۔
کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی غزہ پٹی سےجبری بیدخلی ناقابل قبول ہے، اسرائیل غزہ پٹی میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکے، سعودی عرب نےکشیدگی کے اول روز سے نہتے شہریوں کے تحفظ کی یقین دہانی کی تاکیدکی تھی۔