ویب دیسک : جسمانی وزن میں کمی لانا آسان نہیں ہوتا مگر روزانہ چند بادام کھانے کی عادت سے ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔
یہ دعویٰ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ساؤتھ آسٹریلیا یونیورسٹی کی تحقیق میں جائزہ لیا گیا تھا کہ بادام کھانے سے بھوک پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 30 سے 50 گرام بادام کھانے سے دن بھر میں جسم کا حصہ بننے والی مجموعی غذائی کیلوریز میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ اس گری کو کھانا پسند کرتے ہیں وہ دن بھر میں غذا سے 71 کیلوریز کم جزوبدن بناتے ہیں۔محققین کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں موٹاپا ایک وبا کی طرح پھیل رہا ہے جو متعدد دائمی امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا تھا کہ کھانے کی اشتہا کی روک تھام میں باداموں سے کس حد تک مدد ملتی ہے۔محققین نے دریافت کیا کہ بادام کھانے والے افراد کے ان ہارمونز میں تبدیلیاں آتی ہیں جو خوراک کی خواہش سے جڑے ہوتے ہیں جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بادام پروٹین، فائبر اور فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوتے ہیں جس سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے اور لوگ کم کیلوریز کا استعمال کرتے ہیں۔اسی طرح ذیابیطس اور دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق طرز زندگی میں بظاہر معمولی تبدیلیوں سے بھی طویل المعیاد بنیادوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باداموں کو روزانہ کی غذا کا حصہ بنانا صحت کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔