(مانیٹرنگ ڈیسک) کوششیں رنگ لے آئیں، لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کردی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر شراب لائسنسز کے اجراء کیلئےاختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی جس دوران سابق وزیراعلیٰ عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت جج نے استفسار کیا کہ کیا نیب کو عثمان بزدار کی حراست درکار ہے؟ اس پر پراسیکیوٹر نیب نے جواب دیا کہ ہمارے پاس ان کی گرفتاری کے وارنٹ نہیں۔
عثمان بزدار کے وکیل نے کہا ہمیں بحث کے لیے تاریخ دے دیں اس پر نیب پراسیکیوٹر بولے جب وارنٹ ہی نہیں ہیں تو تاریخ کی کیا ضرورت ہے؟
بعد ازاں عدالت نے کیس پر مختصر سماعت کے بعد عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کردی۔
دوسری جانب عدالت کےباہر میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار سے صحافی نے سوال کیا کہ جب آپ کےوارنٹ گرفتاری ہی نہیں توتاریخ لینے کی کیاضرورت تھی؟ اس پر سابق وزیراعلیٰ نےجواب دیا کہ جب معاملہ عدالت میں ہو تو میرا خیال ہے کہ بات نہیں کرنی چاہیے۔