شاہد ندیم سپرا: مستقل ملازمین بھرتی نہیں کیے جائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت کا فیصلہ، وفاقی حکومت نے پاور سیکٹر میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر کرنے پر پابندی لگا دی، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت تمام کمپنیوں میں ملازمین کو مستقل کرنے سے روک دیا گیا ہے، لیسکو میں اس وقت ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر سینکڑوں ملازمین فرائض انجام دے رہے ہیں، تاہم اب ان کو ریگولر نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب نوٹیفکیشن کے مطابق کمپنیوں میں مستقل کی بنیاد پر ملازمین کی بھرتی بھی نہیں کی جائے گی، کسی کمپنی میں ملازمین کو بھرتی کرنے کے لئے صرف کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کا فارمولا اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔