(علی اکبر ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انصاف میڈیسن کارڈ کے ذریعے ہیپاٹائٹس، ایڈز اورٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات دینے کا آغاز کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں ایڈز کے 9862 ، ہیپاٹائٹس کے23560 اور ٹی بی کے 70047 مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں انصاف میڈیسن کارڈ کا اجراء کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں انصاف میڈیسن کارڈ کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے ہیپاٹائٹس، ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مریضوں کی سہولت کے لئے آسان طریقہ کارواضع کیا گیا ہے، متعلقہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں اصل شناختی کارڈ کے ساتھ بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی، تشخیصی عمل مکمل ہونے پر مریض کو رجسٹرکر کے انصاف میڈیسن کارڈ جاری کر دیا جائے گا، مریض کسی بھی متعلقہ سنٹر سے مفت ادویات لے سکے گا، پنجاب کے 36اضلاع میں مجموعی طورپر 174882 مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس، ایڈزاورٹی بی کے مریضوں کے لئے علیحدہ ڈیسک بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں جس نے مجھے اور میری ٹیم کوبیمار اور دکھی انسانیت کی خدمت کی سعادت عطاکی، وہ دن دور نہیں جب پنجاب کے ہر شہری کو حکومتی سطح پر مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی۔