(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 79 لاکھ 10 ہزار 582 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 13 لاکھ 77 ہزار 762 ہوگئیں، کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 64 لاکھ 23 ہزار 925 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 2 ہزار 269 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 1 لاکھ 8 ہزار 895 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی،پاکستان نے پھیپھڑوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کر لیا ہے جس سے پھیپھڑوں میں کورونا انفیکشن کی مقدار معلوم ہو سکے گی۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ) نے کورونا کی جدید تشخیصی میڈیکل ڈیوائس 'کووریڈ' کی منظوری دے دی ہے۔
ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر عاصم رؤف نے میڈیکل ڈیوائس رجسٹریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوائس کو ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا ہے، کووریڈ ڈیوائس مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ ہے جو پھیپھڑوں میں کورونا کے انفیکشن کی تشخیص کرے گی۔
سی ای او ڈریپ نے کہا کہ کووریڈ سے پھیپھڑوں میں کورونا انفیکشن کی مقدار معلوم ہو سکے گی، میڈیکل ڈیوائس ایک منٹ سے کم وقت میں نتائج دیتی ہے اور اس سے کورونا کے علاج میں نمایاں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ کووریڈ میڈیکل ڈیوائس دنیا کے چند ممالک کے پاس ہے، پاکستان یہ ٹیکنالوجی دنیا کے دیگر ممالک کو فراہم کرے گا اور یہ ڈیوائس جلد ملک بھر میں دستیاب ہوگی۔