پنجاب بار الیکشن میں 5 روز باقی، احاطہ ہائیکورٹ پولنگ سٹیشن قرار

22 Nov, 2020 | 11:22 AM

Sughra Afzal

جی پی او چوک (ملک اشرف) پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں صرف 5 روز باقی رہ گئے، احاطہ ہائیکورٹ کو  پولنگ سٹیشن قرار دے دیا گیا، عدالتی کمروں اور بارکے ہال رومز پولنگ بوتھ بنیں گے۔

پنجاب بار کے انتخابات کے ڈپٹی ریٹرننگ آفیسر چودھری عمران مسعود نے ہائیکورٹ میں پولنگ سٹیشنز کے قیام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا، ڈپٹی ریٹرننگ آفیسر چودھری عمران مسعود ایڈووکیٹ نے سٹی 42سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28 نومبرکو انتخابات کے روز ہائیکورٹ کے احاطے میں کسی قسم کی انتخابی مہم کی اجازت نہیں ہوگی، ووٹر لسٹ کے مطابق ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، امیدواروں کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں، امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے انتخابی دفاتر صرف اپنے دفاتر میں قائم کریں۔

چودھری عمران مسعود ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ وکلاء جمہوریت کے رول ماڈل ہیں ان سے امید ہے کہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کریں گے، لاہور کی ضلعی عدالت کے 51 ایڈیشنل سیشن ججز بطور پریزائیڈنگ آفیسر فرائض سرانجام دیں گے، پریزیڈنٹ آفیسرز کو انتخابی نتائج کی کاپی واٹس ایپ کے ذریعے فوری بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں لاہور کی 16 سیٹوں کیلئے ووٹرز میں ہائیکورٹ کے 18 ہزار 431 جبکہ لوئر کورٹ کے 7 ہزار 727 وکلاء شامل ہیں، امیدوار صرف اپنے چیمبر کو ہی بطور انتخابی دفتر استعمال کرسکتے ہیں، ہائیکورٹ کے احاطے میں ہونیوالے پولنگ کا وقت صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے پانچ بجے تک ہوگا۔

 چیف جسٹس ہائیکورٹ کے حکم پر الیکشن سے قبل تمام 399 امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل بھی جاری ہے، امیدواروں کی ایل ایل بی ڈگریوں کی تصدیق پنجاب یونیورسٹی سمیت جامعات سے کروائی جارہی ہے، ڈگریوں کی تصدیق والے کامیاب امیدواروں کا ہی بطور ممبر پنجاب بار نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ 

 

 

مزیدخبریں