گلبرگ (اکمل سومرو) ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ہنگری میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگریوں کیلئے سکالرشپس کا اعلان کردیا، اس حوالے سے شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے، ایچ ای سی نے ہنگری میں سکالر شپ پر تعلیم کیلئے طلبا کو آن لائن فارم جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی سکالر شپ کیلئے شارٹ لسٹ ہونیوالے طلبا کا ایچ ای سی کے تحت انٹری ٹیسٹ ہوگا جو ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے تحت ہوگا، ہنگری کی یونیورسٹیوں میں داخلے سے پہلے انٹری ٹیسٹ میں پچاس فیصد نمبرز لینے کی شرط عائد کی گئی ہے، ہنگری سے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے طلبا 15 جنوری تک اپلائی کر سکتے ہیں، یورپی ملک ہنگری کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے ایچ ای سی کی جانب سے فیسوں کی ادائیگی، رہائشی سہولیات اور دیگر تعلیمی اخراجات برداشت کئے جائیں گے۔
دوسری جانب محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے یونیورسٹیزمیں سیرت چیئرز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، لاہور سمیت صوبے کی 47 یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز قائم کرنے کیلئے وائس چانسلرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ہر یونیورسٹی میں سیرت چیئر قائم کر کے نعت خوانی کے مقابلہ جات اور سیرت رسولۖ کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن ارم بخاری نے کہا ہے کہ سیرت چیئرز قائم کرنے کا مقصد یونیورسٹیوں کے طلبا کو حضرت محمدۖ کی تعلیمات سے آگہی فراہم کرنا اور نوجوانوں کو سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔ سیرت چیئرز کے تحت طلبا و طالبات میں 25 کروڑ روپے کے سکالر شپ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔