وزیراعظم کی ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات ، صدر رئیسی کی شہادت پر اظہارِ تعزیت

22 May, 2024 | 08:22 PM

سٹی42: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر، رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای سے آج تہران میں ملاقات کی جہاں وزیراعظم نے صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے المناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ 

وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ صدر رئیسی ایک وژنری رہنما تھے جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔مرحوم صدر رئیسی کے اپریل 2024 میں دورہء پاکستان کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا۔ ہم  پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر کے ویژن کو جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے تاریخ کے اس نازک موڑ پر اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے برادر ملک ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لیے صدر رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف کئے گئے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں اور شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہیت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور ہم پاک ایران تعلقات کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر رئیسی کے وژن کو آگے بڑھائیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دے دی۔

اس موقع  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ 

مزیدخبریں