اویس کیانی : وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آئی ٹی کے فروغ ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے وزیراعظم نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت بھی کی ۔
اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے آئی ٹی پارکس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا۔ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں اسٹارٹ اپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی میں جنوبی کوریا کے تعاون سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 2027 تک مکمل ہو گا.
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ملک 29 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے گئے ۔ 2025 میں ملک بھر میں 100 نئے ای-روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کئے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔