ایپل کی مہنگی ترین ڈیوائس 5 جون کو متعارف کرائی جائے گی

22 May, 2023 | 04:36 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: ایپل طویل عرصے بعد نئی ٹیکنالوجی ڈیوائس مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ کی شکل میں متعارف کرانے کے لیے تیار ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کے سی ای او ٹم کک جون میں سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران کمپنی کا پہلا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ متعارف کرائیں گے۔ ایپل کے اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) اور ورچوئل رئیلٹی (وی آر) ٹیکنالوجی پر مبنی ہیڈ سیٹ پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا۔اب جاکر اسے 5 جون کو شروع ہونے والی کانفرنس میں متعارف کرایا جا رہا ہے تاہم رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیوائس ٹم کک کے ابتدائی ورژن سے مطابقت نہیں رکھتی۔

  ایپل کا پہلا رئیلٹی ہیڈ سیٹ تجرباتی ہوگا اور اسے رئیلٹی پرو کا نام دیے جانے کا امکان ہے۔درحقیقت ایپل کے سنیئر نائب صدر جونی سروجی نے اس ڈیوائس کو سائنس پراجیکٹ سے تشبیہ دی ہے۔یہ 2015 میں ایپل واچ کے بعد امریکی کمپنی کی پہلی نئی ٹیکنالوجی ڈیوائس ہوگی۔رپورٹ کے مطابق ایپل کے اولین ہیڈ سیٹ کی قیمت 3 ہزار ڈالرز رکھے جانے کا امکان ہے یعنی یہ میٹا کے ہیڈ سیٹ سے 3 گنا زیادہ مہنگی ڈیوائس ہوگی۔ ایپل کو توقع ہے کہ پہلے سال کے دوران ہیڈ سیٹ کے 9 لاکھ یونٹ فروخت ہوں گے۔

آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل کا مقصد 10 برسوں میں اے آر ٹیکنالوجی کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔رئیلٹی پرو میں ڈوئل 4K او ایل ای ڈی اسکرینز اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز موجود ہوں گی۔

مزیدخبریں