(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ میری خواہش پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے جہاں مجھے رکھا گیا تھا، آپ دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ خواہش ہے عمران خان کو گرفتارکیا جائے۔ میری خواہش ہے کہ عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے جہاں مجھے رکھا گیا تھا، اگر عمران خان کو تین دن جیل میں رکھا جائے تو اس کی سیاست نکل آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک اتحادی حکومت ہے، اس قسم کے فیصلے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے بغیر نہیں کیے جا سکتے۔ آپ دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے، پھر قوم کو یہ خوشی ملے گی، شیریں مزاری کی گرفتاری میں حکومت کا یا کسی اور کا کوئی عمل دخل نہیں، متعلقہ ادارے نے قانون کے مطابق انکی گرفتاری کی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے انہیں چاہیے پہلے اس پر ووٹنگ کرائیں پھر اجلاس بلائیں، اگر وزیراعلیٰ کا الیکشن دوبارہ ہوا تو حمزہ شہباز سادہ اکثریت سے جیت جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب پر رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ آصف زرداری کچھ امور پر صلاح مشورے کیلئے وزیراعظم کے پاس آئے تھے، ہمارے سامنے بھی دونوں رہنماؤں کی بات چیت ہوئی ،آصف زرداری اور ہم چاہتے ہیں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے۔