رائل پارک ( زین مدنی ) پاکستانی عوام کی پسندیدہ ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں بہادر سپاہی عبد الرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے سیلال نے پاک تُرک بھائی چارے کو بیان کرتے ہوئے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستان اور ترکی کے پرچم کی تصویر شیئر کردی۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ سیلال نے ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے پر اور تمام اداکاروں کو محبت بھرے پیغامات بھیجنے پر تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔ سیلال نے پاکستان سے تُرکوں کی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ہمارا دوست اور برادر ملک ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 105 سال قبل آپ نے بحیثیت ہندوستانی پاکستانی مسلمان تُرکوں کی بہت مدد کی تھی۔ سیلال نے کہا کہ ہمیں یہ سب معلوم ہے کہ کس طرح آپ کے آباﺅ اجداد نے سلطنت عثمانیہ کو لاہور سے ایک بڑی مالی امداد بھیجی تھی، ہم یہ سب کبھی نہیں بھول سکتے۔
اُنہوں نے علامہ محمد اقبال کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم عظیم انسان محمد اقبال کو بھی کبھی نہیں بھول سکتے۔ شاعر مشرق علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے تُرکوں سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا اور تُرکوں کا ساتھ دیا۔
سیلال نے جلد پاکستان آکر اپنے مداحوں کو گلے لگانے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ سیلال نے پاکستان اور تُرکی کے اِس پیار کو ہمیشہ قائم رہنے کے لیے دُعا کرتے ہوئے’اُردو زبان‘ میں لکھا کہ پاکستان اور ترکی کا بھائی چارہ یوں ہی سلامت رہے۔
یاد رہے کہ شاعر مشرق علامہ اقبال کے دور میں سلطنت عثمانیہ ایک نہایت ہی مشکل دور سے گُزر رہی تھی، اس مشکل گھڑی میں علامہ اقبال نے تُرکوں کا ساتھ دینے کے لیے اور اُن کی ہمت وحوصلہ بڑھانے کے لیے بے شمار نظمیں لکھیں۔