ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم، چکن مزید مہنگا ہونے کا امکان

 پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم، چکن مزید مہنگا ہونے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فیروز پور روڈ (حسن علی) لاہور پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا، ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ ٹولنٹن مارکیٹ میں پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طارق جاوید کی زیر صدارت میں اجلاس کے دوران کیا گیا۔

 اجلاس میں حاجی فریاد علی جنرل سیکرٹری پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن ، جاوید اقبال جنرل سیکرٹری ٹولنٹن مارکیٹ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، کنوینر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن رائے منصب علی کھرل، برائلر فارمر ایسوسی ایشن کے میاں ذوالفقار، میجر ر رفعت، میاں شہباز سمیت دیگر نے شرکت کی۔

لاہور پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق جاوید کا کہنا تھا کہ سپلائی نہ ہونے کے باعث جن دکانداروں کے پاس گزشتہ روز کی بچی ہوئی مرغی موجود تھی، انہوں نے 350 روپے کلو گوشت بیچا، ہڑتال کے دوران منافع خوروں کے خلاف کسی بھی جگہ گورنمنٹ کی کوئی رٹ نظر نہیں آئی۔

 طارق جاوید کا کہنا تھا کہ حکومت مرغی کو سستا کرنے کے اصل اسباب کو نظر انداز کرتے ہوئے وہی پرانا روایتی انداز اپنانا چاہتی ہے، آنے والے دنوں میں چکن کے ریٹ میں مزید اضافے کا امکان ہے، اس طرح عوام کیلئے سستی پروٹین کا حصول بھی ناممکن ہو کر رہ جائے گا۔

طارق جاوید کا کہنا تھا کہ ریٹ کو طلب اور رسد کے مطابق چلنے دیا جائے، ہڑتال کو عید کے تناظر میں فی الحال مؤخر کیا جا رہاہے، اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو عید کے بعد ایسوسی ایشن ہائیکورٹ میں پٹیشن فائل کرے گی جس کی تیاری ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ایک ہفتہ کی ہڑتال کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزپولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی کال پر شہرمیں جزوی ہڑتال کی گئی، مرغی کے گوشت  270 روپے کی بجائے 350 سے 370 روپے تک فروخت ہوتا رہا،  ٹولنٹن مارکیٹ سمیت شہر میں برائلر فروخت کرنے والوں کی دکانیں بھی کھلی رہیں۔

 

Sughra Afzal

Content Writer