ایجرٹن روڈ ( درنایاب) عید الفطر کی آمد سے قبل البیراک ویسٹ مینجمنٹ نے خصوصی صفائی پلان ترتیب دے دیا، تمام چھوٹی بڑی مساجد، عید گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی آپریشنز کا آغاز، صفائی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے البیراک افسران سمیت عملہ فیلڈ میں مامور رہے گا۔
اختتامِ رمضان کے ساتھ ہی البیراک ویسٹ مینجمنٹ نے لاہور کے باسیوں کو صاف ستھری عید فراہم کرنے کیلئے سپیشل صفائی پلان ترتیب دے دیا۔جامع مساجد، عید گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں، عید کی نماز سے قبل تمام چھوٹی بڑی مساجد اور عید گاہوں کی اطراف میں صفائی آپریشن کے بعد چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، عید کے ایام میں بھی بازاروں، مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پرمعمول کے مطابق سینٹری ورکرز صفائی کے امور سرانجام دیں گے۔
گلی محلے کی سطح پر صفائی کو برقرار رکھنے کیلئے 3650 لیٹر فینائل اور 44,000 کلوگرام چونا فراہم کیا جائے گا جبکہ مختلف یونین کونسلوں میں رکھے گئے ویسٹ کنٹینرز کو بھی بروقت خالی کیا جائے گا۔ ہیلپ لائن 1139 پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے بھی بروقت اقدامات اٹھائے جائیں گے،چاند رات سے عید کے تیسرے دن تک صفائی آپریشنز کی نگرانی کیلئے البیراک آپریشنل سٹاف ہیڈ آفس اور فیلڈ میں موجود رہے گا۔
مزید برآں شہر میں کورونا وائرس کی صورتِ حال کے پیشِ نظر یونین کونسلوں میں خصوصی تربیتی سیشنز منعقد کیے جا رہے ہیں جس میں سینٹری عملے کو صفائی آپریشنز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور مکمل یونیفارم اور حفاظتی ماسک، گلوز اور جوتے پہننے کی بھی تاکید کی جارہی ہے۔
دوسری جانب لاہور پولیس نے جمعتہ المبارک، یوم القدس اور عید الفطر کیلئے سیکورٹی پلان تیار کرلیا، پانچ ہزار مساجد، 189 کھلے مقامات اور100 اہم مارکیٹوں پر15 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے، عیدالفطر کی چھٹیوں میں پتنگ بازوں اور ون ویلرز کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔