"سابق ادوار میں وسائل کی بندر بانٹ کرکے حقداروں کا حق مارا گیا"

22 May, 2020 | 10:19 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کا سب سے بڑا پروگرام ہماری حکومت نے دیا ہے، انصاف امداد پیکیج اور احساس پروگرام کے تحت 6 لاکھ 56 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں 12 ہزار روپے فی خاندان مالی امداد فراہم کی جاچکی ہے، اب تک 7 ارب 87 کروڑ روپے کی رقم مستحقین میں تقسیم کرچکے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ایسے پروگرام صرف ذاتی نمائش کیلئے شروع کیے گئے، سابق ادوار میں وسائل کی بندر بانٹ کر کے حقداروں کا حق مارا گیا، انصاف امداد پیکیج اور احساس پروگرام کے تحت مالی امداد کی تقسیم کا شفاف ترین نظام وضع کیا گیا ہے، حکومت حقدار کو اس کاحق پہنچا رہی ہے۔

  وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا شہید کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیہ تقریب ہوئی، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور شرکاء نے رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کے کورونا کے باعث انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور شرکاء نے شاہین رضا شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور کورونا سے شہید ہونیوالے دیگر افراد کے ایصال ثواب کیلئے بھی دعائے مغفرت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا شہید کی سماجی و سیاسی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے بھی شاہین رضا شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں ایک انسٹی ٹیوٹ کو شاہین رضا شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا شہید نے ہر موقع پر پارٹی کی بھر پور نمائندگی کی، صوبائی پارلیمانی پارٹی شاہین رضا شہید کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ شاہین رضا شہید پارٹی کی دیرینہ ورکر تھیں، کورونا سے نمٹنے کی مہم میں بھی وہ سب سے آگے تھیں، کورونا کے خلاف قومی فرض کی ادائیگی میں شاہین رضا نے شہادت کا رتبہ پایا ہے۔

خواتین اراکین اسمبلی نے کہا کہ شاہین رضا شہید نے اپنی زندگی پارٹی کے لئے وقف کر رکھی تھی، شاہین رضا شہید انتہائی قابل اور محنتی پارلیمنٹرین تھیں۔

مزیدخبریں