( اکمل سومرو ) پنجاب کے 8 تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمینز کی تقرریاں دو سال سے التواء کا شکار، محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے 6 بار اشتہار دینے کے باوجود انٹرویوز نہ کیے۔ پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں سے صرف لاہور میں مستقل چیئرمین تعینات ہے۔
پنجاب کے9 میں سے 8 تعلیمی بورڈز میں 2 سال سے مستقل چیئرمینز کے عہدے خالی پڑے ہیں اور تعلیمی بورڈز کو ایڈہاک ازم پر چلایا جارہا ہے۔ ڈویژنز کے کمشنرز نے بورڈز کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے، جس سے انتظامی مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے مستقل چیئرمینز کی تقرری کیلئے 6 بار اشتہارات جاری کیے گئے ہیں۔ آخری اشتہار اکتوبر 2018 میں جاری ہونے کے بعد بھی انٹرویوز نہیں ہوسکے۔ مذکورہ اشتہار کے تحت 20 ویں گریڈ کے 11 افسران کو شارٹ لسٹ کیا گیا تاہم انٹرویوز کیلئے افسران کو بلانے کے بعد سیکرٹری ایچ ای سی نے اچانک انٹرویو ملتوی کر دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے پاس وقت نہ ہونے کی بنا پر انٹرویوز نہیں کیے جارہے، جس پر سیکرٹری بھی بے بس ہے۔