سٹی42: مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو کے امریکی پارلیمنٹ میں سچ نے پی ٹی آئی کا جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے، جھوٹوں کی جماعت جھوٹ پکڑے جانے پر بھی جھوٹ ہی بول رہی ہے،امریکہ میں لابی کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے لاکھوں ڈالر خرچ کئے، نتیجے سے مایوس ہو کر گوہر خان بہکی ہوئی باتیں کر رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے خودساختہ چئیرمین دونوں کو اپنے جھوٹ پر معافی مانگنی چاہئے، بانی اور پی ٹی آئی جھوٹ بولتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، دو سال سے یہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ۔
حنیف عباسی نے کہاکہ 35 پنکچر سے لے کر سائفر تک ان کا ہر دعویٰ، ہر الزام اور ہر وعدہ جھوٹ نکلا ،شہباز شریف پر پانامہ کیس میں 10 ارب کا جھوٹ باندھا، 2017 سے اب تک جھوٹا الزام لگانے والے ثبوت نہیں دے سکے،7 سال سے ہر پیشی پر عمران نیازی جھوٹا ثابت ہو رہا ہے لیکن شہباز شریف اور قوم سے معافی نہیں مانگی ۔
300 کنال کے غیر قانونی بنی گالہ محل، 190 ملین پاؤنڈ کی ڈکیتی، گھڑیاں، ہیرے کی انگوٹھیاں، القادر یونیورسٹی، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، عمران نیازی کے جھوٹوں کی فہرست بہت طویل ہے۔