غزہ کے الشفا ہسپتال کے علاقہ میں اسرائیل کی آرمی کا آپریشن چوتھے روز بھی جاری رہا۔ آئی دی ایف نے 80 سے زائد حماس کے کارکن مارے جانے کی تصدیق کی ہے تاہم عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ 100فلسطینی شہید ہوئے۔
آئی ڈی ایف کے ترجمان میجر جنرل ڈینئیل ہیگیری نے الشفا ہسپتال کے باہر انٹرنیشنل میڈیا کو بتایا کہ وہ الشفا ہسپتال کے ارد گرد کے علاقہ مین مزید ساڑھے تین سو حماس جنگجوؤں کی موجودگی کے شبہ کی چھان بین کر رہے ہیں۔ اس چھان بین کے مکمل ہونے تک وہ الشفا ہسپتال کے علاقہ مین کارروائی جاری رکھیں گے۔
یہ ہسپتال کئی ہفتے پہلے بند ہو چکا ہے تاہم اب اس ہسپتال کی عمارت کے نزدیکی علاقوں میں غزہ کی شمالی آبادیوں سے آئے ہوئے بہت سے بے گھر فلسطینی موجود ہیں۔ اسرائیل کی فوج نے تین روز قبل ہسپتال کی عمارت سے اسرائیلی علاقہ پر کئی راکٹ فائر کئے جانے کے بعد اس علاقہ میں دوبارہ آپریشن شروع کر دیا تھا۔
حماس کی شکست تک جنگ، نیتن یاہو کا دوبارہ اعلان
اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر امریکا سے کہا ہے کہ حماس کو مکمل شکست دینے تک غزہ میں جنگ جاری رہے گی۔ قطر کے نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بینجمن نیتن یاہو نے امریکہ کے ریپبلکن سینیٹرز سے کہا کہ اسرائیل حماس کو شکست دینے کے لیے جنگ جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ اب اسرائیل غزہ کے انتہائی جنوبی قصبہ رفاح میں آپریشن کرنا چاہتا ہے جہاں اس کا کہنا ہے کہ حماس کےسینکڑوں جنگجو چھپے ہوئے ہیں اور ممکنہ طور پر اسرائیل سے 7 اکتوبر 2023 کو اغوا کئے گئے شہری بھی اسی علاقہ میں یرغمال بنا کر رکھے گئے ہیں۔ رفاح کا قصبہ غزہ اور مصر ی سرحد پر واقع ہے۔ اس علاقہ مین لاکھوں بے گھر فلسطینی جمع ہیں جو مختلف علاقوں پر اسرائیل کے حملوں کے دوران وہ علاقے چھوڑ کر رفاح میں جمع ہو گئے۔