24 نیوز: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موبائل فون سے فحاشی پھیل رہی ہے اور طلاقوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس تنظیم کے فورم پر ہمیں غور کرنا ہو گا کہ اس سے کیسے نمٹا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فحاشی کے معاشرے پر برے اثرات پڑ رہے ہیں اور خاندانی نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ والدین کو نہیں معلوم ان کے بچے کمرون میں کیا دیکھ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ملک میں جنسی جرائم میں خواتین اور بچوں سے زیادتی کے زیادہ واقعات ہو رہے ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ موبائل فون پر بچوں کو فحاشی کا مواد دستیاب ہے۔ انسانی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اس طرح مواد سے معاشرے میں تباہی پھیلی ہو۔