نواز شریف مجھے معاف کردیں، سربراہ براڈ شیٹ کاوے موسوی

22 Mar, 2022 | 04:00 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک: براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے ان سے معافی طلب کی ہے۔

براڈ شیٹ کے سی ای او اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے سابق ایسوسی ایشن کاوے موسوی نے کہاکہ وہ دودہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسار ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ ریکارڈ کی درستگی کے لیے معافی چاہتے ہیں کیونکہ دودہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے ’ایک روپیہ‘ کی کرپشن کا معمولی ثبوت بھی نہیں ملا۔ 

کاوے موسوی نے کہاکہ براڈ شیٹ کی تحقیقات کے نتیجے میں سابق وزیراعظم نواز شریف یاان کے خاندان کے کسی بھی فرد سے متعلق بدعنوانی، چوری شدہ ، چھپی ہوئی یا ایسی دولت جس کے ذرائع کے متعلق نہ بتایا جاسکے، ایسی دولت کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔انہوں نے کہاکہ لوٹی ہوئی دولت تو بہت ملی لیکن میں تقریباً 21سالہ تحقیقات کے بعد کہہ سکتا ہوں کہ اگر کوئی شخص میرے دعوے کے خلاف بات کرتا ہے تو وہ جھوٹ بول رہا ہے۔

 ان کا کہنا تھاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نیب نے سیاسی بنیادوں پر نواز شریف کے خلا ف مقدمات بنائے اور یہ ہی وجہ ہے کہ وہ آج نواز شریف سے معافی کے طلب گار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’مجھے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب کی دھوکا دہی کاحصہ بننے پر معافی مانگنے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے۔

22 برس قبل جب پرویز مشرف نے آپ کے خلاف تحقیقات کرنے کو کہا تو ہمیں قائل کیا گیا تھا اور ہم نے تحقیقات شروع کیں لیکن ہم نے دیکھا کہ ہرموڑ پر تحقیقات کوسبوتاژ کیاگیا، اس لیے نہیں کہ ہم چیزوں کے قریب جا رہے تھے بلکہ اس لیے کہ ان کی نیت کچھ اورتھی کیونکہ ان کا مقصد صرف نشانہ بنانا تھا۔ لوٹی ہوئی دولت کو تلاش کرنے سے انہیں کوئی سروکار نہیں تھا۔ کاو ے موسوی نے کہا کہ ’ہم آزادانہ طور پر آگے بڑھے اور میں آپ کو واضح طور پر بتا سکتا ہوں کہ ہمیں مسروقہ اثاثے یا اثاثوں کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا جس کا تعلق نواز شریف یا ان کے خاندان کے ساتھ جوڑا جاسکے۔ ‘

کاوے موسوی نے کہا کہ ’میں محسوس کرتا ہوں کہ ہم بھی نیب نامی کرمنل آرگنائزیشن کی غلط بیانی کا شکار تھے، ہماری نیت صاف تھی، لندن میں ٹریبونل میں معاملے کے اختتام تک ہمیں جو بھی معلومات ملیں ہم نے انہیں نیب تک پہنچایا لیکن انہوں نے کوئی دلچسپی نہیں لی۔ میری اپنی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سراسر دھوکا تھا۔ انہیں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور مجھ سے منسوب کوئی بھی الزام بغیر کسی ہچکچاہٹ کے واپس لیتا ہوں۔‘

براڈ شیٹ معاملہ کیا  ہے؟

گزشتہ برس کاوے موسوی نے حکومت پاکستان کے خلاف 30ملین ڈالر کا کیس اس وقت جیتا جب ہائی کورٹ کی مصالحتی عدالت کے جج سر انتھونی نے کاوے موسوی کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔اس کیس پر پاکستان کے 65ملین ڈالر سے زائد کے اخراجات اٹھے تھے۔ کاوے موسوی نے بین الاقوامی ثالثی عدالت میں بین الاقوامی ثالث کے طور پر اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینٹر فار سوشیولیگل اسٹڈیز میں ایسوسی ایٹ فیلو اور بطور بیڈ آف پبلک انٹرسٹ لاء کام کیا ہے۔

براڈ شیٹ نے 1999ء میں پرویز مشرف حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا تاکہ نواز شریف، بے نظیر بھٹو اور سول و فوجی پس منظر رکھنے والے سیکڑوں پاکستانیوں کی طرف سے مبینہ طور پر لوٹی گئی رقم کا پتہ چلا یا جا سکے۔

مزیدخبریں