(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو مانسہرہ میں جلسہ کرنے سے روک دیا ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کو مانسہرہ میں عوامی جلسہ کرنے سے روک دیا، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر حیات اللہ جان مروت نے مراسلے کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کو جلسہ کرنے سے روکا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو وزیراعظم عمران خان کا دورہ رکوانے کا حکم دیا اور کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 25 مارچ کو مانسہرہ میں دورہ کرنے کا پلان ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت جلسہ، جلوس، ریلیوں اور پبلک آفس ہولڈرز کے داخلہ پر پابندی ہے،عوامی عہدہ رکھنے والا شخص انتخابات والے اضلاع کا دورہ نہیں کرسکتا۔
یاد رہے اس سے قبل 17 مارچ کو خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کیا، الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کی جانب سے خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ محمود خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر مراد سعید، صوبائی وزراء محب اللہ اور ڈاکٹر امجد علی کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ۔
اعلامیے کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سوات کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ، وفاقی وزراء اور صوبائی وزراء کو خود یا بذریعہ وکیل 18 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو سوات کا دورہ کرنے سے منع بھی کیا تھا لیکن انہوں نے دورہ بھی کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا تھا۔