(سعید احمد سعید) برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں کی اونچی اڑان جاری، سرکاری نرخ نامے کے مطابق 11 روپے فی کلو اضافے کے بعد 320 روپے فی کلو ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق برائلر گوشت کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 11روپے فی کلو اضافہ ہوا جس سے مرغی کا گوشت 309 روپے سے بڑھ کر 320 روپے فی کلو ہو گیا۔زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 213 روپے ، پرچون ریٹ 221 روپے فی کلو جاری کیا گیا۔ادھرفارمی انڈوں کا 166 روپے فی درجن سرکاری نرخ نامہ برقرار رہا، انڈوں کی پیٹی 4860 روپے کی ہو گئی۔
گرشتہ روز برائلر مرغی کا گوشت قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ کے ساتھ فروخت ہونے لگا، مرغی کا گوشت 299 روپے سے بڑھ کر 302 روپے فی کلو ہو اتھا جبکہ زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 200 روپے جبکہ پرچون ریٹ 208 روپے فی کلو مقرر تھا۔
دوسری جانب سبزیوں و پھلوں کی خریداری کے لئے شہریوں نےماڈل بازاروں کا رخ کیا،کورونا کے پیش نظر ماسک کے بغیرماڈل بازاروں میں داخلے پر پابندی ہے۔سبزیوں و پھلوں کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کی نسبت اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، متعدد سبزیوں کی سنچری مکمل ہوچکی ہے۔اروی گزشتہ ہفتے کی نسبت چھ روپے اضافے کے بعد 110, مٹر 18 روپے اضافے کے بعد 85, بھنڈی 18 روپے اضافے کے بعد 205, ٹینڈیاں سات روپے اضافے کے بعد 35 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔
علاوہ ازیں گھیا کدو 52, پھول گوبھی 37, بینگن 35, ادرک 270, لہسن 85, ٹماٹر 45, آلو 34 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں،پھلوں میں سیب 142روپے فی کلو،سٹابری 120, خربوزہ 95, کیلا 115روپے درجن اور کینوکی 82 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت جاری ہے۔