ہراسگی کیس؛ بابر اعظم کو بڑا ریلیف مل گیا

22 Mar, 2021 | 04:54 PM

Malik Sultan Awan

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں قومی کرکٹ کے کپتان بابر اعظم کی اندراج مقدمہ کے حکم کیخلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے بابر اعظم کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم معطل کردیا،ایف آئی اے اور جامزہ مختار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس اسجد جاوید گھرال نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی درخواست پر سماعت کی۔کرکٹر بابر اعظم کی درخواست میں ایف آئی اے اور حامزہ مختار کو فریق بنایا گیا، درخواست گزار وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ بابر اعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور بہترین پلیئر ہیں۔ بابر اعظم کئی بین الاقوامی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں،سیشن عدالت نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

درخواست گزار کے خلاف اندراج مقدمہ کا حکم سائبر کرائم رولز 2018 کے منافی ہے، مقدمہ درج کرنے کے حکم میں وجوہات بیان نہیں کی گئیں، سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں جسٹس آف پیس مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کے پابند نہیں، درخواستگزار معصوم ہے اور ہائیکورٹ سے انصاف مانگ رہا ہے، سیشن عدالت نے اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے.

درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ ٹرائل کورٹ کے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے، مزید استدعا کی گئی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک مقدمہ درج کرنے کے فیصلے کو معطل کیا جائے، جسٹس اسجد جاوید گھرال نے وکیل کا موقف سننے کے بعد جسٹس آف پیس کا ایف آئی اے کو درخواست گزار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے ایف آئی اے اور حامزہ مختار کو جواب کے لئے نوٹس جاری کر دئیے۔۔عدالت نے بابراعظم کی اندراج مقدمہ کے لئے پہلے سے دائردرخواست کو اسی درخواست کے ساتھ یکجا کرکے سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

مزیدخبریں