3500 پولیس افسران و اہلکار خطرناک بیماریوں میں مبتلا

22 Mar, 2020 | 11:14 AM

Sughra Afzal

ٹاﺅن شپ(عرفان ملک) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ساڑھے 3 ہزار سے زائد پولیس کے افسر اور اہلکار مختلف مہلک بیماریوں میں مبتلا، ہیپاٹائٹس، کینسر اور دل کے امراض نے کئی اہلکاروں کو لپیٹ میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے اہلکار سب سے زیادہ ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں، جس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے، پولیس میں کینسر کے مرض میں مبتلا افراد کی تعداد 60 ہے،44  افراد دل کے مختلف امراض کا شکار ہیں، گردے کی بیماریوں میں مبتلا 31 مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق جگر کے مریضوں کی تعداد 18 بتائی گئی ہے، اہلکاروں میں دماغی امراض کا مسئلہ بھی سامنے آرہا ہے، 13 اہلکاروں میں اس مرض کی نشاندہی ہوئی ہے۔ جلد، شوگر، ٹی بی اور سانس سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا 264 افراد بھی ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق ایک سال میں پنجاب پولیس کے381 اہلکار مختلف بیماریوں کی بنا پر جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ دل کا دورہ پڑنے سے 79 پولیس اہلکار انتقال کر گئے، اسی طرح کینسر سے 11 پولیس اہلکار اور افسر جان کی بازی ہار گئے۔ شوگر سے7، ہیپاٹائٹس سے6، برین ٹیومر سے 5 اور گردے فیل ہونے سے4  اہلکاروں نے انتقال کیا، محکمے میں طبی اموات کی تعداد 199 ہے ۔

افسران کا کہنا ہے کہ مختلف بیماریوں میں زیر علاج پولیس افسرو اہلکاروں پر ویلفیئر فنڈ سے تقریباً 7 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں ۔

مزیدخبریں