مال روڈ (شہزاد خان)چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 186 ممالک میں پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 2 لاکھ 77 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنچے گاڑ لیے، پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 234 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 729 ہو گئی ہے، کراچی میں 105، سندھ میں 259، پنجاب میں 152، بلوچستان میں 53، خیبر پختونخوا میں 27 بلوچستان میں 103 اور گلگت میں30،آزاد جموں کشمیر میں ایک اسلام آباد میں نئے کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ میں ایک مریض صحت یاب ہوگیا ۔
کورونا وائرس سے خوفزدہ عوام کیلئے اچھی خبرآگئی،صدر لاہور چیمبر اور سی سی پی او نےگراسری سٹورز رات 10 بجے کے بعد بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، اتفاق رائے صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ اور سی سی پی او ذوالفقار حمید کے مابین ٹیلیفونک گفتگو میں کیا گیا۔
صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سپر سٹور کے دیگر سیکشنز بند اور گراسری سیکشن کھلے رہیں گے۔
عرفان اقبال شیخ نے مزید کہا کہ اگر سپرسٹورز انتظامیہ کو پولیس سے متعلقہ شکایت ہو تو اس نمبر 03008499111 پر رابطہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
واضح رہےکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے، سینما گھر اور شادی ہالز بھی بند کروادیئے، دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے ۔