کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مساجد میں اعلانات ہونگے

22 Mar, 2020 | 10:01 AM

Sughra Afzal

لوئرمال (راﺅدلشاد) میٹروپولیٹن کارپوریشن کو بھی ہیلتھ ایمرجنسی کے پیش نظر کنٹرول روم کے قیام کا خیال آگیا۔ چیف کارپوریشن آفیسر سید علی عباس بخاری نے کنٹرول روم کی تشکیل کانوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق آئی ٹی انچارج نعمان احمد کنٹرول روم کے نگران اور ایڈمن آفیسر وقاص اصغر علی کو کنٹرول روم کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا، کنٹرول روم میں 24 گھنٹے عملہ ڈیوٹی فرائض سرانجام دے گا، الائیڈ محکموں کی ہنگامی صورتحال میں معاونت کے لئے آفیسرز موجود رہیں گے، کنٹرول روم میں شکایت کی صورت میں شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

جراثیم کش سپرے، سٹریٹ لائٹس، تجاوزات، جنرل بس سٹینڈز اور بلڈنگ کنٹرول کے حوالے سے شکایات کو فوری نمٹایا جائے گا، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام شعبہ جات کا ایک ایک افسر ڈیوٹی دے گا۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ا قدامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہی کیلئے شہر بھر کی مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو پیغام پہنچائے گی۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مساجد میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی آگاہی دیں گے، اعلانات میں بتایا جائے گاکہ ہاتھ صابن سے بار بار دھوئیں، سینیٹائزر کااستعمال کریں، کھانسی، فلو یا باہر نکلنے کی صورت میں ماسک کا استعمال لازمی کریں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں، زیادہ میل جول نہ کریں اور ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی خصوصی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل آفیسرزمساجد میں کورونا وائرس کے حوالے سے اعلانات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چین سے شروع ہونے والا وائرس دنیا کے186 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک یہ وائرس 11 ہزار سے افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ 2 لاکھ77 ہزار ابھی بھی زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں، اس خطرناک وائرس نے اب پاکستان میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں۔

مزیدخبریں