سٹی42: ٹی 20 ورلڈکپ سپر 8 راؤنڈ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 50 رنز سے شکست دے دی.
ویسٹ انڈیز میں اینٹیگا،نارتھ ساؤنڈ کے سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 196 رنز بنائے اور ان کے 5 بیٹر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔
ٹاس جیت کر فاش غلطی
بنگلہ دیش کے کیپٹن نے سر ویون رچرڈز سٹیڈیم میں ہونے والے میچ سے پہلے ٹاس جیت لیا تھا۔ انہوں نے بیٹنگ بھارت کو دے دی، ان کی یہ فیصلہ بعد میں فاش غلطی ثابت ہوا کیونکہ بھارت کے بیترز نے ابتدا ہی سے بنگلہ دیش کے باؤلرز کی پٹائی شروع کر دی۔ جو آخری گیند تک جاری رہی۔
بھارت کی اننگز
بھارت کی اننگز کا آغاز روہت شرما اور ویرات کوہلی نے مار دھاڑ سے کیا۔ ساڑھے تین اوورز میں بھارتی اوپنرز نے 39 رنز بنا لئے تو کپتان روہت شرما 23 رنز کے انفرادی سکور پر شکیب الحسن کی گیند پر اونچی شاٹ کھیل کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ روہت ک جانے کے بعد بھی بھارت کا رن ریٹ کم نہیں ہوا اور ویرات کوہلی سوریا کمار یادیو کے ساتھ مل کر مجموعہ کو 8اوورز میں 71 تک لے گئے۔ نویں اوور میں کوہلی 37 کے انفرادی سکور پر تنظیم حسن ثاقب کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اسی اوور کی تیسری گیند پر سوریا کمار بھی تنظیم حسن کی بال پر لتن داس کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے۔ سوریا کمار یادیو 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ہردک پانڈیا کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے ایک بار پھر رن ریٹ بہتر کیا اور 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ پانڈیا نے 27 گیندوں سے 50 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ رشبھ پنت نے 36 اور شیوم دوبے نے 34 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی باؤلنگ
بنگلہ دیش کے کیپٹن نے آج ٹاس جیت کر اپنے باؤلرز کے بل بوتے پر بیٹنگ بھارت کو دی لیکن آج ان کا کوئی بھی باؤلر سکور روکنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ سب سے زیادہ پٹائی رشاد حسین، شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان کی ہوئی۔ موتفیض کو 4 اوورز میں 48 رنز پڑے اور شکیب کو 3 اوورز میں 37 رنز پڑے، رشاد نے دو وکٹیں تو لے لیں لیکن انہیں 3اوورز میں 37 رنز پڑے۔
تنظیم حسن اور رشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلادیش کی اننگز
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم کے بیٹرز اچھا نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
کپتان نجم الحسین شنٹو نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم مقررہ 20 اوورز میں بنگلادیشی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی اور اسے 50 رنز سے شکست ہوئی۔ بھارت کی جانب سے کلدیب یادیو نے 3، ارشدیپ سنگھ اور بمرا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہاردک پانڈیا بہترین کارکردگی پرپلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
سپر 8 مرحلے میں بھارت کی مسلسل دوسری کامیابی ہے اور وہ گروپ میں پہلی پوزیشن پرہے، اس سے قبل بھارت نے افغانستان کو شکست دی تھی۔