بجلی کی ناقص ٹرانسمیشن لائنوں نے اچھرہ کے غازی روڈ کو موت کے کنویں میں بدل ڈالا

22 Jun, 2024 | 09:46 PM

فاطمہ عارف:بجلی کی ناقص ٹرانسمیشن لائنوں نے اچھرہ کے غازی روڈ کو موت کے کنویں میں بدل ڈالا۔ کم گنجائش کا ٹرانسفارمر  نصب کئے جانے کے کچھ ہی دیر بعد اڑ گیا۔ 

لیسکو کی ٹرانسمیشن لائنیں اچھرہ کے غازی روڈ کے علاقہ میں پہلے ہی بری طرح الجھی ہوئی تھیں۔ اب یہاں انٹرنیٹ، کیبل اور لینڈ لائن فون کی تارین بھی بے ترتیبی کے ساتھ ان میں شامل ہو گئی ہیں۔  لیسکو انتظامیہ کی مسلسل غفلت کے باعث اچھرہ پیر غازی روڈ  موت کے کنویں جیسی آبادی بن کر رہ گیا ہے۔
بجلی کی لٹکتی تاروں کے سبب ،اہل علاقہ کی زندگی کو خطرات لاحق رہتے ہیں۔

علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ اس علاقہ میں لیسکو حکام ہمیشہ ضرورت سے کم گنجائش کا  ٹرانسفارمر نصب کر جاتے ہیں جو آئے روز خراب رہتا ہے۔ علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ کم گنجائش کا ٹرانسفارمر آئے روز پھٹ جاتا ہے جس سے ہر بار کچھ نہ کچھ نقصان ہوتا رہتا ہے۔ 

ٹرانسفارمر پھٹنے ،بجلی کی تاروں میں آگ لگنے سے کئی بار مالی نقصان ہو چکا ہے۔ ٹرانسفارمر کے قریبی گھر میں مقیم خواتین نے بتایا کہ ٹرانسفارمر پھٹنے کا خوف ہر وقت انہیں دباؤ میں رکھتا ہے۔ لیسکو انتظامیہ علاقہ کی ضرورت کے مطابق  ٹرانسفارمر  نصب کرے اور ٹرانسفارمر کے  قریبی چوک میں بہتر جگہ پر نصب کیا جائے۔ 

مزیدخبریں