زاہد حسین ہاشمی: چشتیاں میں فائرنگ سے ن لیگ کے مقامی رہنما غلام ربانی جاں بحق ہو گئے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
چشتیاں مین شاہرا میلاد چوک کے قریب الحبیب سپر سٹور پر دن دہاڑے فائرنگ کا واقع پیش آیا، جہاں چار موٹر سائیکل سواروں نے سٹور پر بیٹھے دو افراد پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ زخموں کو اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے موقع پر پہنچ کر کاروائی کا آغاز کردیا ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا،ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت غلام ربانی کے نام سے ہوئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ دیرینہ رنجش کی بنیاد پر ہوئی ہے ، غلام ربانی ایم ایس ایف سٹوڈنٹس تنظیم کا صدر رہ چکا ہے، غلام ربانی کا مسلم لیگ ن کے ساتھ منسلک تھا ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چشتیاں میں فائرنگ سے مسلم لیگ(ن) کے مقامی رہنما غلام ربانی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم مریم نواز شریف نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے تاجر کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔