اسرار خان: ہیئر کے علاقہ الفلاح ٹاؤن کے قریب پولیس مقابلے کے دوران زخمی ہونے والا ڈولفن اہلکار عدنان ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔
پولیس مقابلہ گزشتہ رات گئے اس وقت ہوا جب ڈولفن اہلکاد کانسٹیبل عدنان اور کانسٹیبل ظفر اپنی ٹیم کے ہمراہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے، اسی دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن اہلکار عدنان اور ظفر زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ڈیفنس کے نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کانسٹیبل عدنان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 20 گھنٹوں بعد دم توڑ گیا ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے شہید ڈولفن اہلکار محمد عدنان کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈولفن اہلکار محمد عدنان نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس کے بہادر جوان شہریوں کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، شہید محمد عدنان کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔
آئی جی پنجاب نے فائرنگ میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری اور شہید اہلکار کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کا خاص خیال رکھنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے زخمی پولیس اہلکار طفر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔