فاطمہ عارف: جوہر ویو کریمی روڈ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ چار سال سے بند پڑا ہے۔ انتظامیہ اس پلانٹ کو مرمت نہیں کروا سکتی تو اسے اتار کر لے جائیں۔ یہ باتیں جوہر ویو کریمی روڈ کے ایک مکین نے پلانٹ کی مرمت کے متعلق مایوس ہو کر کہی۔
علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ جوہر ویو کریمی روڈ بلاک جی پرنصب واٹر فلٹریشن پلانٹ چار سال سے بند پڑا ہے۔ اس ناکارہ فلٹریشن پلانٹ کی مرمت کے لئے علاقہ کے لوگوں نے انتظامیہ کو درجنوں مرتبہ درخواستیں کیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ اب علاقہ کے لوگ کہتے ہیں کہ اس پلانٹ کو مرمت نہیں کرنا تو اسے یہاں سے اتار کر لے جائیں۔ اہل علاقہ صاف پانی سے محروم ہیں، گھروں پر واس کے کنکشن کے نلکوں میں سیوریج ملا پانی آتا ہے جو ناقابل استعمال ہے۔ رہائشیوں کو پینے کے لئے پانی لانے کے لئے سخت گرمی میں روزانہ اضافی مشقت کرنا پڑتی ہے۔
علاقہ کے لوگوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ حکام کی انتظامی غفلت کا نوٹس لے کر واٹر فلٹریشن کو فوری طور پر فعال کرائیں۔