سپاہی ہارون ولیم شہید کا جنازہ ، وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی شرکت

22 Jun, 2024 | 05:48 PM

سٹی42:  ضلع کرم گزشتہ روز میں وطن پر قربان ہونیوالے سپاہی ہارون ولیم کا جنازہ سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں پڑھا گیا۔ شہید سپاہی کے جنازہ  میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

سپاہی ولیم ہارون کے جنازہ میں وزیراعظم شہبازشریف، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر شریک ہوئے جبکہ اعلیٰ فوجی افسران، سویلین آفیسرز، شہید کے ساتھی  فوجیوں، شہریوں، شہید کے رشتہ داروں  اور اعزا نے بھی شرکت کی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کے اہم کردار، خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔  آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی سپاہی ہارون ولیم، سپاہی انوش روفن اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج ایک مربوط یونٹ ہے، جو ریاست کے دفاع کیلئے کوشاں ہے۔

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے  ان شہداء کا اتحاد اور بہادری قوم کی طاقت کی مثال ہے، قوم مادر وطن کی عزت کیلئے ان کی خدمات اور قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی،آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سپاہی ولیم نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانی دی، سپاہی ہارون ولیم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ راولپنڈی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

 گزشتہ روز کرم کے علاقے سدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بارودی سرنگ  کے حملہ میں 5 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
 

مزیدخبریں