محسن نقوی کی ہدایات پرصفائی کا بہترین انتظام کرنے پر ورکرز کو بونس دینے کا اعلان

22 Jun, 2024 | 02:30 PM

سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر عیدالاضحیٰ پر خدمات سر انجام دینے والے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں چئیرمین سی ڈی اے کا استقبالیہ، اسلام آباد میں صفائی کا بہترین انتظام کرنے والے سی ڈی اے ورکرز کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کا اعلان۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر زیرو ویسٹ سٹی آپریشن کو کامیاب بنانے والے سینٹری ورکرز مبارکباد اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں، تمام محکموں کے مثالی رابطے اور باہمی تعاون سےاسلام آباد  کو سب سے زیادہ صاف شہر ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں اور شہر کی خدمت کرنے والےملازمین و افسران کی حوصلہ افزائی ہر سطح پر کی جائے گی۔ 

سینٹری ورکرز کے اعزاز میں استقبالیہ میں چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ، استقبالیہ میں عید الاضحیٰ پر خدمات سرانجام دینے والے سینیٹری ورکرز کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی ڈی اے سینیٹری ورکرز کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ اپنے افسران کے ساتھ بیٹھا کر حوصلہ افزائی کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ کے شکر گزار ہیں۔  

محمد علی رندھاوا نے تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور ہمارے ہیروز سینیٹری ورکرز نے جس جان فشانی سے کام کیا اسکی مثال نہیں اسلام آباد زیرو ویسٹ سٹی آپریشن کو کامیاب بنانے پر اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں، اسلام آباد کی عزت اور خوبصورتی کے لئے تن، من دھن کی قربانی لگانے کے لیے کام کیا گیا۔انھوں نے مزید کہا کہ اللہ نے ہم سب کی عزت رکھی اور اسلام آباد کا نام ایک یونٹ کے طور پر ابھرا ،  پہلی دفعہ آپکی محنت کی وجہ سے وزیراعظم پاکستان نے سب کو شاباش دی.ڈویلپمنٹ کا کام عید کے ایام میں بھی جاری رہا جس سے ادارے پر شہریوں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہوا ہے، سیف سٹی میں کنٹرول روم قائم کرنے اور بائیو ڈیگریڈایبل بیگز متعارف کرانے سے آپریشن کو کامیاب بنانے میں مدد ملی۔

چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی صاحب کی ہدایات پر آپ کی حوصلہ افزائی کے لئے اس تقریب کا انعقاد گیا ، سینیٹری ورکرز کی وجہ سے اسلام آباد کی عزت میں اضافہ ہوا اس لئے یہ ہمیشہ ہماری آنکھ کا تارا ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سنٹری ورکرز کی خدمات کو سہرایا گیا ہے۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہمارے ان گمنام ہیروز منظروعام پر لانے پر چئیر مین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد مبارکباد کے مستحق ہیں، شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ورکرز نے نہ دن دیکھا نہ رات, نہ خوشیاں دیکھیں صرف خدمت میں مصروف رہے۔میں اسلام آباد پولیس کی طرف سے ان ورکرز اور ان کی فیملز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

مزیدخبریں