(ویب ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ انتقال کر گئیں۔سیاسی وسماجی شخصیات کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ اور وزیرخارجہ ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی دادی کراچی میں انتقال کر گئیں،آصف زرداری کی والدہ کچھ عرصے سے علیل تھی۔آصف علی زرداری اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے روانڈا جانا تھا تاہم انہوں نے اپنی دادی کی علالت کے باعث پروگرام منسوخ کر دیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےسابق صدر آصف زرداری کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا، کہا کہ والدہ جیسی شفیق ہستی کی وفات بڑا صدمہ ہے، آپ کے غم میں شریک ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی والدہ کا انتقال کا سن کر دلی دکھ ہوا، سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کے انتقال پر اہلخانہ سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کی والدہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری کی دادی کے انتقال پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے تعزیت کی اور کہا کہ گہرے دکھ اور افسوس کی اس خبر پر جناب آصف علی زرداری، جناب بلاول بھٹو زرداری اور سوگوار خاندان کے ہر فرد کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عنایت کرے۔