ویب ڈیسک : پاکستان نے فائزر کی کورونا ویکسین خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ معاہدے کے تحت کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ امریکی کمپنی فائزر کی ویکسین حاصل کرنے کی حتمی تاریخ کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن کیے جانے والے معاہدے کے تحت رواں سال کے آخر تک ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پاکستان کو شروع میں ویکسین کی سپلائی میں کمی اور اس کے حوالے سے خدشات کا سامنا تھا لیکن گذشتہ ماہ وسیع پیمانے پر مہم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت نوجوانوں کو بھی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
Pakistan to receive 13 mln doses of Pfizer vaccine - minister https://t.co/hvMtkIKiPR
— Reuters Afghanistan & Pakistan (@ReutersPakistan) June 22, 2021
پاکستان کو فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں 29 مئی کو موصول ہوئی تھیں لیکن حکام نے فائزر ویکسین صرف ان افراد کو فراہم کی ہے جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے اور یا دوسری کمپنیوں کی ویکسین ان کے لیے موزوں نہیں ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 22 کروڑ کی آبادی والے ملک میں تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جن میں سے تقریباً 35 لاکھ کو مکمل طور پر ویکسین لگ چکی ہے۔ پاکستان میں بنیادی طور پر چینی ویکسین سائنو فارم، کین سائنو بائیو اور سائنو ویک استعمال ہو رہی ہے۔ رواں ماہ کے شروع سے 40 سال سے کم عمر کے افراد کو برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا بھی لگنا شروع ہوئی ہے لیکن اس کی فراہمی محدود ہونے کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والوں کو عموماً فراہم کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ رواں برس کم از کم 7 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے۔ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے رواں ماہ کے شروع میں حکومت نے ویکسین حاصل کرنے کی غرض سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دی تھی۔