پڑھے لکھے بیروزگار افراد کیلئے اہم خبر؛ پٹواریوں کی بھرتیاں شروع

22 Jun, 2021 | 08:56 PM

M .SAJID .KHAN

(عثمان علیم)پنجاب کا پٹواریوں کے بغیر گزارا مشکل ،ساڑھے آٹھ ہزار میں سے 4500 آسامیاں خالی،ریکارڈ کیپنگ،انتقالات، پراپرٹی ٹیکس سمیت دیگر معاملات متاثر، خالی آسامیاں پر کرنے کی منظوری کے بعد بھرتیوں کا عمل تیز کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پٹواریوں کی آسامیاں خالی ہونے سے سائلین پراپرٹی معاملات کے حوالے سے مشکلات سے دو چار ہیں، پٹواریوں اور ریونیو فیلڈ سٹاف کی آسامیاں خالی ہونے سے ریکارڈ کیپنگ، ریونیو ریکارڈ کی تیاری، ڈیٹا کولیکشن اور پراپرٹی ٹیکسز کی ریکوریاں بھی متاثر ہو رہی ہیں،جس کے پیش نظر حکومت نے ریونیو بڑھانے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تمام خالی آسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی منظوری کے بعد پٹواریوں کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے،پٹورایوں کی بھرتی سے پراپرٹی سے متعلق سائلین کے مسائل کو حل کیا جا سکے گا۔

قبل ازیں بورڈ آف ریونیو پنجاب نے نئے پٹواری بھرتی کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز کو سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقررکیاتھا، تعیناتی کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ تین افسران بطور ممبر شامل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا،پٹواری بھرتیوں کرنے کے لئےاشتہار متعلقہ ضلعی کمشنر کی ہدایات پر جاری کئے گئے۔

مراسلہ کے مطابق تعلیمی قابلیت کے لئے کم از کم آئی سی ایس ڈگری ہولڈر، شارٹ ہینڈ ٹائپنگ اور کمپیوٹر کی تعلیم لازمی ہوگی، بورڈ آف ریونیو نے 36 اضلاع میں کوٹہ کی بنیاد پر بھرتیوں کی منظوری دی تھی،بھرتیوں میں اقلیتی برادری کا کوٹہ بھی شامل کیا گیا۔
 

مزیدخبریں