(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کی مقامی عدالت نے سلطنت عثمانیہ کی تاریخ پر مبنی ترک سیریز ارطغرل غازی کے ہیرو انگین آلتان سے فراڈ کرنیوالے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کی نوسربازی کے ایک مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن نوشابہ یوسف نے ملزم کاشف ضمیر کی اسلحہ رکھنے اور خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے کے مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، ملزم کیجانب سے ملک ساجد وٹو ایڈووکیٹ پیش ہوئے،پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزم کاشف ضمیر نے خود کو سرکاری افسر ظاہر کیا، اس کے قبضے سے نیلی بتی اور اسلحہ بھی برآمد ہوا، ملزم ضمانت کا حقدار نہیں۔
ملزم کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی آر میں درج دفعات قابل ضمانت ہیں، اس لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض کاشف ضمیر کی ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہےکہ کاشف ضمیر ایک معروف ٹک ٹاک اسٹار ہے اور اسے سونے کی بھاری چین اور گھر میں شیر پالنے والے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے، کاشف ضمیر چوہدری 'چوہدری گروپ آف کمپنیز پنجاب' کا مالک بھی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کی متعدد سیاستدانوں سمیت دیگراہم شخصیات کے ہمراہ تصاویر بھی موجود ہیں۔
پولیس نے کاشف ضمیر کو دسمبر 2020 میں بھی گرفتار کیا تھا تاہم اس کی گرفتاری میں متحرک کردار ادا کرنے والے ایس پی انوسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن بلال قیوم کا راتوں رات تبادلہ کردیا گیا تھا ۔ ترک اداکار انگین آلتان کی میزبانی کرنے والا کاشف ضمیر 8 مقدمات میں نامزد ہے ۔ گلے میں پہننےوالی 100 تولہ وزنی سونے کی چین کا بھی حقیقت کھل گئی، جعلی سونا نکلا ۔سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والے ٹک ٹاکر نے عوام سے فراڈ کا نیا بازار کھول دیا۔