سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو نشئیوں سے پاک کرنے کا فیصلہ

22 Jun, 2021 | 10:24 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (علی ساہی) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے کے لیے آئی جی پنجاب کی سربراہی میں لاہور پولیس اور انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس، لاہور پولیس کو  روزانہ کم از کم دو مرتبہ منشیات کے عادی افراد کوفٹ پاتھوں اور سڑکوں سے بحالی مراکز کی انتظامیہ کے سپرد کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

 آئی جی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، کمشنر لاہور،کیپٹن (ر)عثمان اورڈی آئی جی آئی ٹی، وقاص نذیر موجود تھے، اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کی سڑکوں اورفٹ پاتھوں کو نشے کے عادی افراد سے نہ صرف پاک کیا جائے گا بلکہ ان افراد کو بحالی سنٹرز میں منتقل کیا جائے گا۔  

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کمشنر لاہور ان افراد کے علاج اور بحالی کے لیے بحالی مراکز کے قیام کے لیے فوری طور پر جگہ کا انتظام کریں گے، کسی ڈیرے،  کیفے، تعلیمی ادارے یا جہاں کہیں منشیات کی فروخت یا استعمال کی اطلاع ملی وہاں بلا امتیاز کارروائی ہو گی، آپریشنز کے حوالے سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ صحت سے بھی مدد و معاونت لی جائے گی، اس مقصد کے لیے کمشنر لاہور مستند این جی اوز سے معاونت کے لیے ان سے قریبی رابطہ رکھیں گے، شہری ایپ سٹور سے زندگی ایپ کو با آسانی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ نشے کی لعنت میں مبتلا افراد کے علاج کے لیے انہیں بحالی سنٹرز میں رکھا جائے گا تا کہ وہ عملی زندگی میں واپس آ سکیں، لاہور کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد یہ آپریشنز تمام سٹی ڈسٹرکٹس میں کیے جائیں گے۔

واضح رہےکہ منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے،لاہور جیسے بڑے شہر میں منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان سنگین نوعیت اختیار کرتا جا رہا ہے، جو  معاشرے کیلئے وبال جان بن گیا، تعلیمی ادارے ہوں یا لاہور کی مصروف شاہراہیں ، منشیات کے عادی افراد ہر جگہ دکھائی دیتے ہیں، مسلم ٹاؤن موڑ پر نہر کنارے، داتا دربار  چوک سمیت ہر بڑی سڑک پر  نشے میں مبتلا افراد نظر آتے ہیں۔

 

 

 

مزیدخبریں