حکومت کا لاہور میں ملٹی سٹوری بلڈنگز کی تعمیر کا بڑا منصوبہ

22 Jun, 2021 | 08:40 AM

Sughra Afzal

مال روڈ(علی رامے) حکومت کا شہر میں ملٹی سٹوری بلڈنگز کی تعمیر کا بڑا منصوبہ، میٹروبس اور اورنج ٹرین کے اطراف ملٹی سٹوری بلڈنگز تعمیر ہوں گی، 2200 کنال کی خالی سرکاری اراضی کی نشاند ہی کرلی گئی۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی جانب سے حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ میٹروبس اور اورنج ٹرین کے اطراف خالی سرکاری اراضی کو استعمال کیا جائے گا جس کا مقصد خالی اراضی پر ملٹی سٹوری بلڈنگ بنانا ہے،جس سے ریونیو جمع کرکے پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بطور سبسڈی استعمال ہو گا۔

 ذرائع کے مطابق اورنج ٹرین ٹریک کے اطراف 1400  کنال خالی اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے، میٹروبس ٹریک کے ساتھ 800 کنال سے زائد سرکاری اراضی موجود ہے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے یہ پلان پی اینڈ ڈی بورڈ کو پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ  پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ کو بھی ایل ڈی اے حکام نے بریفنگ دی، جس پر ڈاکٹر سلمان شاہ نے ایل ڈی اے کو مزید ورکنگ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، حکام کے مطابق عرصہ دراز سے پڑے ان سرکاری خالی پلاٹس کو اب زیر استعمال لایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  اورنج لائن ٹرین کیلئے چین سے لیے گئے 165 ارب روپے کے قرض کی واپسی کیلئے تیاریاں جاری ہیں لیکن اس کی ایک قسط 15 سے 16 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے، پنجاب حکومت کے اندرونی اور بیرونی قرضہ جات میں اتار چڑھاؤ سے اورنج لائن ٹرین کی قسط میں اضافہ ہوا، رواں مالی سال میں  پنجاب میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کا 97 فیصد ترقیاتی بجٹ اورنج ٹرین کھا گئی۔

واضح رہے کہ اورنج لائن ٹرین ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک چلائی جارہی ہے جس کا کرایہ 40 روپے ہے جبکہ میٹرو بس شاہدرہ سے گجومتہ تک چلائی جارہی ہے جس پر شہری صرف 30 روپے میں سفر کرتے ہیں۔

مزیدخبریں