نشتر پارک ( حافظ شہبازعلی) بولنگ کوچ ملتان سلطانز اظہر محمود نے کہا ہے کہ محمد عامر اور مینجمنٹ کو مل بیٹھ کر اپنے مسئلے حل کرنے چاہیئں۔
ملتان سلطانز کے بولنگ کوچ اور سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہنواز دھانی میں انرجی بہت ہے، وہ ایسا کرکٹر ہیں جو سب کو جگا کر رکھتا ہے، نوجوان کھلاڑی کے لیے یہ بہت اہم ہوتا ہے کہ وہ بڑے دل کے ساتھ کرکٹ کھیلے، اسکلز پر کام کرنا ہے لیکن شاہنواز دھانی کا بڑے دل کے ساتھ کھیلنا ان کی کامیابی کا راز ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ شاہنواز دھانی ٹیسٹ اسکواڈ میں ہیں، مینجمنٹ کو دیکھنا ہے ، انہیں کہاں کھلانا ہے، شاہنواز دھانی کوئی بھی فارمیٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حارث رؤف زبردست بولر ہے، دو چار میچز اوپر نیچے ہونے سے کیرئیر ختم نہیں کردینا چاہیے، محمد عامر میں بہت مہارت ہے، محمد عامر کو میں بہت اوپر دیکھتا ہوں، محمد عامر اور مینجمنٹ کو مل بیٹھ کر اپنے مسئلے حل کرنے چاہئیں۔
اظہر محمود نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے 4 میچز ہارے، وہاں ہمارا کمبی نیشن اچھا نہ بن سکا۔محمد رضوان ٹاپ بیٹسمین میں ہیں، شاہنواز دھانی نے سب سے زیادہ وکٹیں لی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی، ملتان سلطانز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 149 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں اسے 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بہترین بولنگ پر سہیل تنویر کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔