ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائیکورٹ نے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا

لاہور ہائیکورٹ نے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے ہوں گی، لاہور ہائیکورٹ کے کنفرم ججز چھ اور ایڈیشنل ججز چار ہفتے کی عدالتی تعطیلات کریں گے۔

چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے لاہور ہائیکورٹ میں چھٹیوں کی منظوری دے دی ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ اور اس کے علاقائی بنچز میں یکم جولائی سے سات ستمبر تک عدالتی تعطیلات رہیں گی۔ موسم گرما کی عدالتی چھٹیوں کے دوران عام نوعیت کے کیسز کی سماعت نہیں ہوگی، عدالتی اوقات کار بھی تبدیل ہوں گے۔

عدالتی تعطیلات کے دوران لڑائی جھگڑے، درخواست ضمانتوں، حکم امتناعی کے کیسز کی سماعت ہوگی۔ فوجداری اور سول نوعیت کے صرف ارجنٹ کیسز کی سماعت ہوگی، نیب کیسز، نارکوٹکس، انسدادِ دہشتگردی کیسز کی سماعت کیلئے خصوصی بنچ نہیں ہوں گے۔ ارجنٹ کیسز کی شنوائی کیلئے سپیشل بنچ سماعت کریں گے۔

ہائیکورٹ تعطیلات کے دوران پیر سے جمعرات تک عدالتی اوقات کار صبح نو بجے سے سہ پہر ڈیڑھ بجے تک ہوں گے، ہائیکورٹ میں گیارہ سے ساڑھے گیارہ بجے تک عدالتی وقفہ ہوگا۔ جمعہ کے روز عدالتی اوقات کار صبح نو بجے سے دوپہر بارہ بجے تک ہوں گے۔