سٹی42: محکمہ داخلہ پنجاب نے تھیٹرز پر فحاشی اورعریانی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ نے لاہور سمیت تمام اضلاع کے کمشنرزاور ڈی سیز سے تھیٹرز اور سینما گھروں میں فحاشی و عریانی پھیلانے والوں کے بارے میں رپورٹ مانگ لی ہے، محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے عناصر کی سی ڈی تیار کی جائے اور محکمہ داخلہ کو ٹھوس ثبوت کے ساتھ ارسال کی جائے تاکہ ان فحاشی اور عریانی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جا سکے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ فحاشی پھیلانے والے فنکاروں کا تھیٹرز میں داخلہ بھی بند کردیا جائےگا، محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے تمام اضلاع کے ڈی سیزکو متحرک کردیا ہے۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی اداکار کو فحاشی یا عریانی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایسا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔