ویب ڈیسک: لاہور میں ڈکیتی اور پھر اغوا کا نشانہ بننے والے مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی خواتین سے متعلق دیے گئے بیان کی پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔
تفصیلات کےمطابق لاہور میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا جس کے پیشِ نظر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ آمنہ نے خلیل الرحمان قمرکو فون کرکے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے، وہ خاتون کے گھر پہنچے جہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلیل الرحمان قمر پر تشددکیا، موبائل،گھڑی اور نقدی بھی چھین لی اور اے ٹی ایم کارڈ سے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے، بعدازاں ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے زیراستعمال گاڑ ی بھی برآمد کر لی گئی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش جاری ہے،گرفتار ملزمان میں ہی ٹریپ کرنے والی خاتون بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر خلیل الرحمان قمر کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ خواتین کی مردوں سے برابری کی بات کررہے ہیں، جس میں وہ کہہ رہے ہیں ’کبھی یہ خبر پڑھی کہ 5 لڑکیوں نے مل کر ایک مرد اغوا کرلیا؟ تو یہ کرو نا، جب برابری کرنی ہے تو یہ کرکے دکھاؤ‘۔
خلیل الرحمان ویڈیو کلپ میں مزید کہہ رہے ہیں ’خاتون بھلے اغوا کرلے پھر مجھے پتا چلے گا کہ یہ برابری کررہی ہے‘۔
ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہیں سوشل میڈیا صارفین خلیل الرحمان کے اغوا کو اُن ہی کی کہی ہوئی بات سے جوڑ رہے ہیں اور قیاس آرائیاں کررہے ہیں کہ ان کو اسی لئے اغوا کیا گیا کہ وہ خواتین کو مردوں کی برابری کا چیلنج کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔